مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: غزہ کی وزارت صحت نے اس پٹی میں پچھلے سات ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں کم از کم 34,183 کی شہادت کی خبر دی ہے۔
اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکی یونیورسٹیوں کے طلباء سمیت دنیا فلسطین کے نہتے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی پولیس کے انتہائی وحشیانہ اقدمات کے باوجود امریکہ بھر میں سینکڑوں طلباء غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی حمایت میں جاری مارچ میں شامل ہو رہے ہیں۔
روزنامہ گارڈین کے مطابق، کولمبیا کے اہم کیمپسز نے اس یونیورسٹی سے اسرائیل سے وابستہ ہتھیار بنانے والی کمپنیوں سے علیحدگی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر طلباء کی معطلی اور سیکڑوں کی گرفتاریاں ہوئیں۔
نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ دی ہے کہ جب "18 اپریل کو کولمبیا یونیورسٹی نے نیویارک پولیس کو وہاں احتجاجی کیمپ خالی کرنے کے لئے بلایا، تب سے امریکی کیمپس میں مظاہرین کی 800 سے زیادہ گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔
نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی، ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی، انڈیانا یونیورسٹی، سینٹ لوئس اور واشنگٹن یونیورسٹی میں ہفتے کے روز 200 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق وہ ملک بھر کے کالج کیمپس میں بڑھتے ہوئے فلسطین کے حامی مظاہروں اور کیمپوں کو روکنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
سینٹ میں واشنگٹن یونیورسٹی کے پروفیسر نے ایک بیان میں کہا: اب تک 100 گرفتاریاں کی گئیں جب کہ کیمپس کو بند کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 2024 کے صدارتی انتخابات کے لیے گرین پارٹی کی امیدوار جل سٹین گرفتار ہونے والوں میں شامل تھیں، ان کے ساتھ ان کی مہم کے مینیجر اور عملے کے ایک اور رکن بھی تھے۔
اس سے قبل بوسٹن میں مظاہرین نے کیمپس کے صد سالہ کامن پر ایک کیمپ لگایا تھا جس نے 100 سے زیادہ حامیوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ انتظامیہ نے مظاہرین کو وہاں سے منتشر ہونے کو کہا لیکن بہت سے طلباء نے انکار کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھا۔
ہفتے کی صبح میساچوسٹس اسٹیٹ کی پولیس نے کیمپ میں داخل ہو کر مظاہرین کو گرفتار کرنا شروع کر دیا، پولیس کے مطابق انہوں نے 102 مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔
کولمبیا کیمپس میں فلسطین کی حمایت میں شروع ہونے والا مظاہرہ، آزادی اظہار رائے پر پابندیوں کے خلاف ملک گیر مظاہروں میں تبدیل ہو گیا۔
الجزیرہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق پچھلے 10 دنوں میں، سینکڑوں طلباء کو گرفتار اور معطل کیا گیا، یہاں تک کہ کالجوں سے نکال دیا گیا، جس میں ییل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا، وینڈربلٹ یونیورسٹی، اور یونیورسٹی آف مینیسوٹا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
مذکوہ ذرائع نے مزید بتایا کہ کچھ یونیورسٹیوں کو گریجویشن کی تقریبات منسوخ کرنی پڑی ہیں، جبکہ بعض کی عمارتوں پر مظاہرین کے قبضہ کر رکھا ہے۔
فلسطینی طلباء 28 اپریل کو رفح اور غزہ میں بینرز اٹھائے ہوئے ہیں جن میں امریکی طلبہ سے تشکر کا اظہار کیا گیا ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق، درجنوں فلسطینی طلباء نے اتوار کے روز جنوبی غزہ میں ایک مظاہرے میں حالیہ ہفتوں میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے پر امریکی طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔
رفح کے شبورا پناہ گزین کیمپ کی ویڈیو میں بچوں کو ان پیغامات کے ساتھ بینرز اٹھائے ہوئے دکھایا گیا ہے: "کولمبیا یونیورسٹی کے طلباء، ہمارے ساتھ کھڑے رہیں" اور "ہمارے تعلیم اور زندگی کے حق کی خلاف ورزی کرنا جنگی جرم ہے۔
آپ کا تبصرہ